پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنا انتخابی منشور پیش کر دیا

PML-N

PML-N

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) نے الیکشن 2018ء کیلئے اپنا انتخابی منشور پیش کر دیا ہے، پارٹی صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ محروم طبقے کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہمارا منشور ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کا انتخابی منشور پیش کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈز کو پورے پاکستان تک پھیلائیں گے، غریب بچیوں کے ماہانہ وظیفے کو جاری رکھیں گے، محروم طبقے کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہمارا منشور ہے

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بڑی آبادی کرائے کے گھروں میں رہتی ہے، اللہ نے موقع دیا تو جس طرح ہم نے پاور پلانٹ لگائے اسی طرح لاکھوں لوگوں کو ہاؤسنگ سکیم بنا کر دیں گے، ہاؤسنگ سکیم بننے سے لاکھوں لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔ اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ کو مزید بہتر بنانے کے لیے پانچ سالوں میں کام کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں سب سے بڑا چیلنج پانی کا ہے، دیامربھاشا ڈیم (ن) لیگ کے منشور میں اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس ڈیم کی تعمیر کیلئے اگر چندہ بھی اکٹھا کرنا پڑے تو کروں گا، دیامر بھاشا اب ہماری زندگی کا حصہ بن چکا ہے جبکہ داسوڈیم پر دن رات کام جاری ہے۔