پاکستان جلد پولیو فری ملک بن جائے گا، نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں مؤثر حکمت عملی وضع کی گئی ہے، اپنے بچوں، عوام اور عالمی برادری سے ہمارا وعدہ ہے کہ جلد پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انھوں نے تمام والدین اوربچوں کے سرپرستوں کی توجہ اس طرف مبذول کرائی کہ وہ وہ مرض کا مکمل خاتمے کیلیے حکومت کی کوششوں کے حصہ بنیں اوراپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے ضرور پلائیں تاکہ ہماری آئندہ نسل صحتمنداور پولیو سے پاک مستقبل کی حامل ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے جسے حل کرنے کیلیے اقوامِ عالم کوہر قسم کی علاقائی اور قومی تقسیم سے بالاتر ہوکر مشترکہ طور پر عمل کرنا ہو گا، نہایت افسوس کی بات ہے کہ ایک سال میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ گزشتہ 10 برس میں اتنے بچے متاثر نہیں ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلیے طے شدہ قومی منصوبے پر عملدرآمد کیلیے کسی ایسی شخصیت کا انتخاب کیا جائے گا جو خلوص دل سے اس کی مسلسل نگرانی کرے اور کارگردگی کو نتیجہ خیز بنائے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں جلدہی لوگوں کے رویے میں تبدیلی آئے گی جس کی بناپر پولیو سے بچائو کیلیے چلائی جانے والی مہم زیادہ کارگر ثابت ہوگی اور پولیو کامکمل خاتمہ بھی ممکن ہو گا۔

نواز شریف نے دیوالی پر ہندو برادری کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ قومی ترقی میں آپ کاتعمیری کردارقابل تحسین ہے،مجھے یقین ہے کہ یہ خوشیوں بھرا تہوار ہمارے تمام ہندو ہم وطنوں کیلیے مسرت اور خوشحالی لائے گا۔ نیپال کے وزیرخارجہ مہندرا بہادر پانڈے سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ قریبی اقتصادی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، مہندرا بہادر پانڈے نے وزیراعظم کو نومبر میں کٹھمنڈو میں ہونے والی 18ویں سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلیے دعوت نامہ پہنچایا۔