جنیوا (جیوڈیسک) انسداد پولیو کے عالمی مانیٹرنگ بورڈ کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پولیو کے پھیلاؤ میں نائیجیریا سے بھی آگے نکل گیا ہے اور پولیو کے خاتمے میں دنیا سے کئی سال پیچھے جاچکا ہے۔
پولیو سے متعلق عالمی مانیٹرنگ بورڈ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پولیو کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، پاکستان اور نائیجیریا پولیو کے پھیلاؤ میں سب سے آگے ہیں یہاں تک کہ پاکستان پولیو کے پھیلاؤ میں نائیجریا سے بھی آگے نکل گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2014 میں دنیا میں پولیو کے شکارممالک میں ہر 5 میں سے 4 کیسز پاکستان سے ہیں، پاکستان میں پولیو ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا اور اب پاکستان دنیا کے مقابلے میں پولیو کے خاتمے میں کئی سال پیچھے جاچکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سے گزشتہ 6 ماہ کے دوران شام میں پولیو وائرس منتقل ہوا اور پاکستان ہی سے اسرائیل اور فلسطین میں بھی پولیو وائرس منتقل ہوا جسے دیگر ممالک تک منتقلی سے روکنے کے لئے عالمی برادری نے بروقت اقدامات کئے۔
اور ہماری تجویز پر پاکستان، شام اور کیمرون پر سفری پابندیاں عائد کی گئیں۔ رپورٹ میں صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ انسداد پولیو کے لیے ہنگامی طور پر ایک طاقتور ادارہ تشکیل دیں جس میں وفاقی وصوبائی حکومتوں اور فوج کے نمائندے شامل کیے جائیں۔