اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو اثاثے جمع کرانے کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی، ڈھائی سوسے زیادہ سیاسی جماعتوں نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے احکامات کو یکسر نظرانداز کردیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لیے 29 اگست تک کی مہلت دی گئی تھی، تاہم اس مدت کے دوران 282 میں صرف 25 جماعتوں نے مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔
بیان کے مطابق جن سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے حکم کو اہمیت نہیں دی، ان میں تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک اور مسلم لیگ قائداعظم بھی شامل ہیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، جے یو آئی ف، اے این پی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی ہیں۔ قومی وطن پارٹی اور جماعت اسلامی نے بھی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والوں کو انتخابی نشانات الاٹ نہیں کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے سالانہ اخراجات، آمدن اور ذرائع کی مکمل تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔