پاکستان سیاسی و معاشی استحکام کی شاہراہ پر گامزن ہوگیا، صدر ممنون

President Mamnoon Hussain

President Mamnoon Hussain

لاہور (جیوڈیسک) صدر مملکت سید ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنج کا کامیابی سے مقابلہ کرکے اب اعتماد کے ساتھ سیاسی اور معاشی استحکام کی شاہراہ پر گامزن ہو گیا ہے۔

لاہور میں ایشیائی پارلیمنٹری اسمبلی کے شرکاء کےاعزاز میں گورنر ہاؤس میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ ہم سب ایک ایسے خطے میں رہتے ہیں جہاں مضبوط سول سوسائیٹیز اور طاقتور میڈیا موجود ہے، خطے میں جمہوریتیں موجود ہیں اور خود پاکستان انکی ایک شاندار مثال ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایک دہائی سے خطے میں جاری دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان فرنٹ لائن پر کھڑا ہے جس کی وجہ سے اسے خطرناک چیلنجز کا سامنا ہے۔

تاہم پاکستان اب سیاسی اور معاشی استحکام کے راستے پر چل پڑا ہے۔ سید ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف پڑوسیوں بلکہ خطے کے تمام ممالک میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ پر یقین رکھتا ہے۔