لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں سعید ہ وارثی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی توسیع کرتے وقت ضرور دیکھا جائے گا کہ ممبر بننے کا خواہشمند ملک اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل بھی کرتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مستقبل برطانیہ کی سیاست میں ہے۔ پاکستان کی سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں آج بھی ان کی کمی محسوس کی جاتی ہے تاہم وہ ان کے نئے سیاسی سفر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ کا نتیجہ جانے کے لئے بے قرار تھیں۔ اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر انہوں نے سب سے پہلے میچ کے نتیجے کے بارے میں پوچھا تھا۔