پاکستان میں خراب سیاسی صورتحال، بے یقینی کی کیفیت اور افراتفری کا ماحول

Mirpur

Mirpur

میرپور : پاکستان میں خراب سیاسی صورتحال، بے یقینی کی کیفیت اور افراتفری کا ماحول کشمیر یورپین فورم برطانیہ و یورپ کے وفد نے اپنا دورہ پاکستان آزاد کشمیر ملتوی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر یورپین فورم برطانیہ و یورپ کے کوارڈینٹر جموں وکشمیر چوہدری اشفاق احمد ایڈووکیٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق کشمیر یورپین فورم برطانیہ و یورپ کے چیئرمین و ممبر یورپی پارلیمنٹ جیمز ایلس، صدر ممبر یورپی پارلیمنٹ رچرڈ ایشورتھ ، برطانوی ممبر پارلیمنٹ سٹیو بیکر ، کونسلر محبوب بھٹی اور یدگر ممبران پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے اگلے ماہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان و آزاد کشمیر کا دورہ کرنا تھا جس کے شیڈول کے مطابق انہوں نے وزیراعظم پاکستان ، وزیر داخلہ ، وزیر امور کشمیر ، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر کشمیری قیادت سے ملاقات کر کے مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال ، برطانوی پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے حالیہ متضادبحث، متنازعہ کشمیر کا متفقہ متوقع حل سمیت دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال کرنا تھا۔

موجودہ عالمی حالات بھارت میں نئے وزیراعظم کا انتخاب اور اسکے مقبوضہ کشمیر پر ثمرات اور تناظر میں کشمیر یورپین فورم کا یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا جو پاکستان کی ابتر سیاسی صورتحال اور امن عامہ کی مخدوش حالت کے پیش نظر منسوخ کر دیا گیا ہے۔