دبئی (جیوڈیسک) بنگلہ دیش کیخلاف منگل سے شروع ہونیو الی سیریز پاکستان کی ٹیسٹ رینکنگ پر اثرانداز ہوگی، تاہم دونوں ممالک کے درمیان موجود 71 ریٹنگ پوائنٹس کا واضح فرق مصباح الحق کیلیے سیریز 2- 0 سے جیتنے پر محض ایک پوائنٹ کے اضافے کا سبب بنے گا۔
قومی ٹیم 103 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر فائز ہے جبکہ بنگلہ دیش 32 پوائنٹس لیکر 9 ویں نمبر پر ہے، اگر پاکستان سیریز 1-0 سے جیتا تب بھی اسے ایک پوائنٹ سے محروم ہونا پڑیگا، سیریز برابر ہونا بھی پاکستان کیلیے گھاٹے کا سودا ہوگی، ایسے میں پاکستان کے 4 ریٹنگ پوائنٹس کم ہوکر پانچویں نمبر پر موجود نیوزی لینڈ کے برابر 99 ہوجائیں گے جبکہ بنگلہ دیش کو 5 پوائنٹس مل سکتے ہیں
تاہم بنگال ٹائیگرز کیلیے سیریز برابر کرلینا بھی فائدے کا سودا بن سکتا ہے، اگر بنگلہ دیش سیریز جیت گیا تو پاکستان کے پوائنٹس کم ہوکر 96 ہوجائیں گے، جو اس وقت چھٹے نمبر پر فائز سری لنکن ٹیم کے ہیں، جنوبی افریقہ 124 ریٹنگ پوائنٹس کے ہمراہ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، آسٹریلیا نے 118 پوائنٹس کی بدولت دوسری پوزیشن حاصل کررکھی ہے، انگلینڈ 104 پوائنٹس کے ہمراہ تیسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے اور ٹی 20 میں قومی ٹیم کی حالیہ شکستوں کے بعد ٹیسٹ میں اگرچہ مصباح ، یونس خان جیسے تجربہ کار پلیئرز کی آمد سے ٹیم کو سنبھالا مل سکتا ہے، ٹیسٹ کی عالمی رینکنگ میں سردست پاکستان کے دونوں تجربہ کار بیٹسمین کپتان مصباح الحق اور یونس خان ٹاپ ٹین میں موجود ہیں، یونس 8 اور مصباح 10 ویں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔
بنگلہ دیش کے بلند درجہ بیٹسمین مومن الحق 25 ویں نمبر پر ہیں، بولنگ میں پاکستان کے سعید اجمل 11 ویں جبکہ جنید خان نے 16 ویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے، ٹاپ 20 میں بنگلہ دیش کی واحد نمائندگی شکیب الحسن کررہے ہیں، جنھوں نے 13ویں پوزیشن لے رکھی ہے، شکیب اس کے علاوہ طویل دورانیے کی کرکٹ کے بھی بہترین آل راؤنڈر کا اعزاز رکھتے ہیں۔