واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی فوج کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے پاکستان نے اپنی سرزمین پر مثبت اقدامات کیے ہیں جس سے اشارہ ملتا ہے کہ وہ درست سمت میں جا رہا ہے۔
امریکی کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف ووٹل نے کانگریس کی دفاعی کمیٹی کی انتہا پسندی سے جڑے خطرات پر ہونے والے اجلاس کے دوران بتایا کہ خطے میں امن اور افغانستان میں کامیابی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون اور گہرے تعلقات بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان نے چند خوش آئند اقدامات کیے ہیں جس سے پاکستان کے صحیح سمت میں آگے بڑھنے کے مثبت اشارے ملتے ہیں۔
جنرل ووٹل نے کہا پاکستان کی خطے کے لیے بدلتی پالیسی کو ظاہر کرنے کے لیے یہ حکومتی اقدامات فیصلہ کن تو نہیں مگر مثبت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی سے مدد ملی ہے جبکہ پاکستان کو ساتھ لے کر چلنے کی کوششیں بھی کام آ رہی ہیں۔ پاکستان پر واضح کر دیا ہے کہ ہم کیا چاہتے ہیں۔ کانگریس کے بعد امریکی جنرل ووٹل نے کمیٹی کو بند کمرے اجلاس میں امریکا اور دنیا کو لاحق سکیورٹی کے خطرات پر بریفنگ بھی دی۔