اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان پوسٹ نے صارفین کیلیے اپنی خدمات کو بہتر بنا نے اور پیشہ وارانہ استعداد کار اور کارکردگی میں اضافے کیلیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم متعارف کرایا ہے۔ پاکستان پوسٹ حکام نے بتایا کہ اس اقدام سے ملکی اور بین الاقوامی ڈاک کے نظام، ایس ایم ایس نوٹیفیکیشن کو ترسیل کے وقت آگہی اور شکایات کو نمٹانے اور اندراج کے عمل میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ڈاک نت نئی سروسز بھی متعارف کرا رہی ہے تا کہ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ وارانہ اوریجنسی سروسز صارفین کو فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد محکمہ ڈاک کی یونیورسل پوسٹل یونین سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل اور محکمے کی اہمیت اور افادیت کو برقرار رکھتے ہوئے ملک گیر اور انٹرنیشنل ڈاک کی ترسیل کو یقینی بنایا ہے جو محفوظ اور بروقت صارفین کو ان کی دہلیز پر مل سکے۔
پاکستان پوسٹ نے اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، کراچی میں کمپیوٹرائز نظام متعارف کرا دیا ہے جہاں انٹرنیشنل پوسٹل سسٹم (آئی پی ایس) سافٹ ویئر فراہم کر دیا گیا ہے جو یونیورسل پوسٹل یونین نے پاکستان پوسٹ کو دیا ہے۔ یہ سافٹ وئیر بین الاقوامی خطوط، پارسل اور ایکسپریس پوسٹ آئٹمز کی ترسیل کیلیے نصب کیا گیا ہے جس سے انٹرنیشنل سیل الیکٹرانک دنیا انٹرچینج (ای ڈی آئی) سے منسلک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جنرل پوسٹ آفسز کی اپ گریڈیشن کر کے کائونٹر آٹومشین سسٹم (سی اے ایس) متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک منی آرڈر، ارجنٹ میل سروس کائونٹر کلیکشن، ارجنٹ میل سروس (شہر سے شہر) ، ارجنٹ میل سروس (لوکل) ایکسپریس میل سروس ( ای ایم ایس) ، انٹرنیشنل اینڈ ٹیکس منی آرڈر سمیت نت نئی سروسز متعارف کرا چکا ہے جس سے صارفین کے پوسٹل سروس کی خدمات پر اعتماد کو بہتر سے بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔