ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے پاک بھارت تعلقات بہتر بنانے کی اپیل کر دی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد کئی ممالک کے سفیروں نے ملاقات کی ہے۔
گزشتہ روز بھارتی ہائی کمشنر نے بھی عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے بھارتی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔
بھارتی اداکار رشی کپور کے بعد اب کنگنا رناوت نے بھی عمران خان کی تقریر کو مثبت قرار دیا ہے۔
اداکارہ کنگنا رناوت کا بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے امید کرسکتے ہیں کہ مزید خون نہ بہے کیوں کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ فوجی جوان زندگیوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تقریر بہترین تھی اور میری خواہش ہے کہ سب اچھا ہو جب کہ میری اپیل ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر بنائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رشی کپور بھی اپنی ٹوئٹ میں عمران خان کی تقریر کو بہترین قرار دے چکے ہیں اور انہوں نے بھی امید کا اظہار کیا تھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہوں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری 18 اگست کو ایوان صدر میں ہوگی جس میں شرکت کے لیے 3 بھارتی کرکٹرز کو بھی دعوت دی گئی ہے۔