کیا ایسا پاکستان چاہئے جہاں منتخب وزیر اعظم کو نکال دیا جائے۔ مریم نواز

 Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

جڑانوالہ (جیوڈیسک) مسلم لیگ نون کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی اور رہنماء مسلم لیگ نون مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف سے 3 نسلوں کا حساب لیا گیا لیکن پھر بھی اس کیخلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

مریم نواز نے کہا کہ پانامہ میں نواز شریف کا نام نہیں تھا لیکن انہیں پھر بھی نکال دیا گیا۔ انہوں نے اہل جڑانوالہ سے استفسار کیا کہ جہاں منتخب وزیر اعظم کو نکال دیا جائے کیا ایسا پاکستان چاہئے؟ جہاں عوام کے ووٹوں کی اہمیت نہ ہو کیا ایسا پاکستان منظور ہے؟ جہاں آئین توڑنے والے مشرف کو عدالت میں بلانے کی جرات نہ ہو کیا ایسا پاکستان منظور ہے؟ کیا ایسا پاکستان چاہئے جہاں سزا پہلے ملے اور مقدمے بعد میں بنیں؟

مریم نواز نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ عدل کی بحالی کی تحریک میں نواز شریف کا ساتھ دیں، عوام کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 70 سال میں ایک بھی وزیر اعظم نے مدت پوری نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ کی بے توقیری منظورنہیں، لاڈلے کو کمپنی کا اعتراف کرنے کے باوجود صداقت کا سرٹیفکیٹ دے دیا گیا ہے، اٹھو نواز شریف کے دشمنوں کو سبق سکھا دو۔