کراچی(جیوڈیسک)کراچی محمد رفیق مانگٹ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے پریس کونسل آف انڈیا کے سربراہ کے مطالبے کے حوالے سے لکھا ہے کہ پاکستانی قیدی ثنا اللہ کو فوری رہا کر کے پاکستان بھیجا جائے دونوں ممالک ایک دوسرے ملک کے قیدیوں کی رہائی کے لئے واضح طریقہ کار اپنائیں، ایک دوسرے کے شہریوں کے ساتھ تعصبات کی بنیاد پر سلوک نہ کیا جائے۔
مارکنڈے کاٹیجو نے بھارت کی مرکز ی حکومت سے اپیل کی ہے کہ کہ ثنا اللہ کو واپس پاکستان بھیجا جائے،پاکستان نے بھی اس کی واپسی کی درخواست کی ہے۔ثنا اللہ جنہیں جموں کی جیل میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس وقت وہ کوما میں ہے۔کاٹیجو نے کہا کہ ثنا اللہ کی رہائی اور واپس وطن بھیجنا ایک انسانی ہمدردی کا عمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک حکومتیں کمیٹیاں تشکیل دیں جو دونوں ممالک تمام قیدیوں کے مقدمات کا جائزہ لیں اور ان کی رہائی کا میکنزم طے کریں جو مبینہ طور اپنے جرائم کا اعتراف کرچکے ہیں یا جنہیں ناکافی اورمشتبہ ثبوتوں کی بنیاد پر سزا سنائی گئی۔کا ٹیجو نے دونوں ممالک میں ناقص پولیس نظام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ایسے افراد کو مبینہ اعتراف پر مجرم قرار دیا گیا۔
دونوں ممالک میں ہر کوئی جانتا ہے کہ کیسے تھرڈ ڈگری اور تشدد کا استعمال کر کے ان سے بیان لیا اور اعتراف جرم کرایا جاتا ہے ایسے ثبوتوں اور اعترافات پر انحصار کر کے سزا دینا انتہائی غیر محفوظ اور نا انصافی ہے۔بدقسمتی سے دوسرے ممالک کے شہریوں کے ساتھ تعصبات کی بنیاد پر سلوک کیا جاتا ہے ان تعصبات کا خاتمہ ضروری ہے ورنہ ڈاکٹر خلیل چشتی اور سربجیت سنگھ جیسی بڑی نا انصافیاں سامنے آسکتی ہیں۔