کوئٹہ (جیوڈیسک) کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کہتے ہیں جب پاکستان ترقی کی راہ پر چلتا ہے تو شہداء کی روحوں کو خوشی ہوتی ہے ، لیفٹیننٹ جنرل ناصر کی پرمزاح گفتگو نے حاضرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔
کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی کے طلباء و طالبات ایک روز پاک آرمی کے ساتھ گزار رہے ہیں ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ سے خطاب کیا ۔ اپنی تقریر میں لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان نے کہا کہ پاک فوج وطن کے لیے ہمیشہ قربانیاں دیتی رہی ہے جن کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔ اپنے خطاب کے دوران کمانڈر سدرن کمانڈ نے طلبا و طالبات کے چہروں پر خوب مسکراہٹ بکھیری۔
زبردست حس مزاح کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے طلبا و طالبات کی الگ انداز میں تعریف کی۔ ان کے دلچسپ گفتگو پر حاضرین نعرے لگائے بغیر نہ رہ سکے۔ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے جب طلبا و طالبات کو خوش آمدید کہا تو فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی جس پر انہوں نے پرجوش نعروں کے لیے دلچسپ انداز میں طلبا و طالبات کو ترغیب دی جس پر فضا میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند ہوئے۔ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کے خطاب کے بعد بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال نے انہیں سووینر بھی پیش کیا۔