اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ تحفظ پاکستان بل کی پارلیمنٹ سے منظوری سے ثابت ہوگیا کہ ہم بحیثیت قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف متحد ہیں۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحفظ پاکستان بل کی پارلیمنٹ سے منظوری تاریخی موقع ہے، جس پر وہ قوم کو مبارکباد دیتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے ملکی سلامتی کے معاملے پر بالغ النظری کا ثبوت دیا، پارلیمنٹ نے ثابت کر دیا کہ ہم بحیثیت قوم دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خلاف متحد ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں حکومت کو عددی برتری نہ ہونے کے باوجود بل اکثریت سے منظورہوا۔ جس طرح ہر سیاسی جماعت نے اپنے مفادات سے بالا تر ہو کر قومی مفادات کو ترجیح دی اسی طرح ہمیں یقین ہے کہ ہم ملک کے دیگر مسائل میں بھی یکجہتی کا ثبوت دیں گے۔