کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم نے تحفظ پاکستان بل کی مخالفت کے حوالے سے سینٹ میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ سینیٹر بابر غوری کا کہنا ہے کہ اس بل کو کسی صورت بھی سینٹ میں منظور نہیں ہونے دیا جائے گا۔
پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ میں تحفظ پاکستان بل 2014ء کی مخالفت کے حوالے سے ایم کیو ایم نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سینیٹ میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر بابر خان غوری نے سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر سینیٹر اعتزاز احسن ، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی عدیل اور مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر کامل علی آغا سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے تحفظ پاکستان بل کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔
سینیٹر بابر غوری نے کہا ہے کہ پاکستان پروٹیکشن بل 2014ء آمرانہ ،ڈریکونین، غیرانسانی، خون آشام ، شیطانی اور بے رحم قانون ہے۔ ایم کیو ایم اس ظالمانہ قانون کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کرے گی۔
سینیٹر اعتزاز احسن، سینیٹر حاجی عدیل اور سینیٹر کامل علی آغا نے ایم کیو ایم کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ پاکستان بل 2014ء کی سینیٹ میں بھرپور مخالفت کی جائے گی اور اس بل کو کسی بھی صورت میں منظور ہونے نہیں دیا جائے گا۔
چاروں جماعتوں کے رہنماوں نے تحفظ پاکستان بل 2014ء کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس بل کے خلاف سینیٹ میں مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔