کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اشرف قریشی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی میں چوروں اور لٹیروں کے احتساب کا وقت آ گیا ہے نظریاتی کارکنان نے تحریک انصاف بچائو مہم شروع کرکے جدو جہد کا آغاز کر دیا ہے۔
کراچی میں 8 لاکھ ووٹ حاصل کرکے بھی شہر قائد میں پی ٹی آئی کی پوزیشن زیرو کردی گئی ہے جس کی ذمہ داری پارٹی پر قابض مخصوص ٹولے پر عائد ہوتی ہے ہماری جدو جہد پی ٹی آئی سے قبضہ مافیا کے تسلط کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں انصاف ہائوس کے باہر عظیم الشان ورکر ز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے کیا کنونش سے عابد شاہ ،جاوید محسود ،سید ارشد علی ،توفیق ہوتی ،فائزہ عبداللہ ،جاوید راجپوت ،ڈاکٹر حسین ،راحت مغل ،حمیف مغل ،چوہدری زاہد ،خالد عمران ،سکندر مغل ،نیا ز شاہ ،آصف ،فیصل شاہد اور شفق اعوان نے بھی خطاب کیا کنونشن میں پی ٹی آئی کے ہزاروں نظریاتی کارکنان نے شرکت کی۔۔
اشرف قریشی نے خطاب میں مزید کہاکہ 1996ء میں بنائی گئی پارٹی کی تباة حالی دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے مگر قبضہ مافیا یاد رکھے کہ اب ہم پی ٹی آئی میں ظلم کا نظام مزید نہیں چلنے دینگے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی پر قابض مافیا نے ہمیشہ کراچی میں ذاتی مفادات کی سیاست کی کبھی پارٹی کو جماعت اسلامی کے ہاتھوں گروی رکھا گیا اور کبھی ایک جماعت کے ہاتھوں فروخت کرکے مفادات سمیٹے گئے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کی سیاست غریب پروری ہے مگر برگر گروپ نے اتنا ہی چیئر مین کو غریب کارکنان سے دور کردیا ہے اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ آج انصاف ہائو س کے دروازے غریب کارکنان کے لئے بند کردیئے گئے ہیں جو کہ اب ہم برداشت نہیں کرینگے کیونکہ انصاف ہائوس کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے کارکنان کا اثاثہ ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ برگر گروپ نے گزشتہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ فروخت کیا جس کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہوئی۔