اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر میں مشہور ہونے والی ملٹی پلیئر ’پب جی‘ گیم پر پاکستان میں عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس گیم کی لت میں مبتلا نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت شدید متاثر ہو رہی تھی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں مشہور گیم ‘پلئیرز ان ناؤن بیٹل گراؤنڈز‘ (پب جی) پر عارضی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی اے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ فیصلہ معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ پابندی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ آن لائن گیم وقت کے ضیاع اور عادی بنانے کے ساتھ ساتھ بچوں کی جسمانی اور ذہنی صلاحیت پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق پاکستانی میڈیا میں ایسی رپورٹس بھی شائع ہوئی تھیں کہ اس گیم کو کھیلنے والے بچے خودکشیاں کر رہے ہیں اور انہی رپورٹس کو بنیاد بنا کر لاہور ہائی کورٹ نے انہیں فیصلہ کرنے کے لیے کہا تھا۔ پی ٹی اے نے عوام سے اس گیم کے حوالے سے رائے بھی طلب کی ہے اور اس ایک ای میل ایڈریس بھی شائع کیا ہے۔
قبل ازیں لاہور پولیس نے بھی اعلی حکام سے گزارش کی تھی کہ وہ اس گیم پر پابندی عائد کریں کیوں سے اس سے نوجوانوں میں خودکشیوں کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ لاہور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ذوالفقار حمید نے آئی پنجاب کو خط لکھتے ہوئے کہا تھا کہ اس گیم کی وجہ سے نوجوانوں کے رویے تبدیل ہو رہے ہیں۔
ایسی رپورٹیں بھی سامنے آئی تھیں کہ اس گیم کو کھیلنے والے نوجوانوں کو والدین منع کرتے ہیں اور وہ اشتعال میں آ کر لڑائی جھگڑا شروع کر دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے چند ایک نوجوانوں نے خودکشیاں بھی کیں۔