پاکستان اور قطر کے درمیان ایل این جی معاہدہ اگلے ماہ ہونے کا امکان

LNG Ship

LNG Ship

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان قطر سے 23 کھرب روپے مالیت کی ایل این جی درآمد کرے گا۔ قطر یہ مائع گیس 15سال کے عرصے تک پاکستان کو فراہم کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان جلد حتمی معاہدے طے پانے کا امکان ہے ، امریکی اخبار ”وال اسٹریٹ جرنل“ نے پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا کہ قطر کے ساتھ معاہدہ مارچ کے اوائل تک متوقع ہے ،پاکستان نے ایل این جی سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے امریکی اخبار سے انٹرویو میں کہا کہ معاہدے کے تحت قطر 15برس تک ایل این جی فراہم کرے گا جب کہ سالانہ 30 لاکھ ٹن ایل این کی درآمد کی جائے گی جس کا آغاز رواں برس سے ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ توانائی کے بحران کی وجہ درآمدی فرنس آئل اور ڈیزل ہے جو مہنگا ایندھن ہے، اس کا متبادل ایل این جی زیادہ مؤثر اور ماحول کے لیے صاف ستھری ہے، یہ ہماری توانائی مکس میں بڑی تبدیلی ہے، 3 لاکھ ٹن ایل این جی کی درآمد پر سالانہ 30 کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی۔