تحریر : ممتاز ملک پاکستان کا ایک اور لعل مٹی میں رول دیا گیا . قوالی کی دنیا کا چمکتا ستارہ اور دنیا بھر میں اپنے انداز اور اخلاق سے پاکستان کا نام بلند کرنے والے امجد صابری قتل کر دیئے گئے. آج پاکستان میں سولہواں روزہ افطار ٹرانسمیشن میں شرکت کے لیئے لیاقت آباد سے اپنے گھر سے روانہ ہوئے . جنہیں موٹر سائیکل سوار خبیث قاتلوں نے پانچ گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ آج جب فتح مکہ کا دن ہمیں اپنے عظیم سپوت کا لاشہ اٹھانا پڑا۔
جنرل راحیل شریف صاحب یہ امن ہمارے بکاو حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے خدارا اس شہر کراچی اور اس ملک کے امن کو یقینی بنانے کے لیئے ہر ہر بدمعاش اور قاتل اور زانی کو سر عام پھانسی پر لٹکائیں اس ملک اور شہر کی ہر گلی کو چھنی کی طرح چھان دیں تاکہ یہاں کسی ایسے خنزیر کو چھپنے کی جگہ نہ ملے۔ ایک عام آدمی خود کو کیا محفوظ محسوس کرے گا. جہاں ایک ہی علاقے سے ایک دن پولیس چوکی پر کریکر سے حملہ کیا جاتا ہے۔
اگلے چند روز میں چیف جسٹس کا بیٹا دن دہاڑے اغوا کر لیا جاتا ہے اور اس کے دو دن بعد آسمان قوالی کا ستارہ امجد صابری دن دہاڑے مار دیا جاتا ہے . ….. تو عام لوگ کس بھروسے پر گھر سے باہر نکلیں گے۔ جنرل صاحب آگے آیئے کہ شاید یہ بڑا کام بھی پروردگار نے آپ ہی کے نصیب میں کرنا لکھا ہے جو آپ کو ہمیشہ قوم کی دعاوں میں رکھے گا . اللہ پاکستان کی اور پاکستانیوں کی حفاظت فرمائے آمین۔