کراچی/ اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کوارٹر کے معاملے پر وفاق اور سندھ حکومت آمنے سامنے آگئے جب کہ چیف جسٹس پاکستان نے آپریشن 3 ماہ تک مؤخر کرنے کی ہدایت کر دی۔
سپریم کورٹ کی ہدایت پر کراچی میں پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی ممکنہ بے دخلی کے لیے جب پولیس آپریشن کی غرض سے علاقے میں پہنچی تو رہائشیوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کر دی۔
پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 6 سے زائد پولیس اہلکار اور 10 مظاہرین زخمی ہوئے۔
پاکستان کوارٹرز کی زمین کے معاملے پر وفاق اور سندھ حکومت آمنے سامنے آگئے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے معاملہ سندھ حکومت پر ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کے خلاف آپریشن سے وفاقی حکومت کا تعلق نہیں، آپریشن کے احکامات وفاقی حکومت یا ہاؤسنگ منسٹری کے نہیں، کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سندھ پولیس کررہی ہے، جب پولیس پسپا ہوگئی تو آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے پولیس کو واپس بلایا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے اس معاملے پر ہاتھ کھڑے کردیئے ہیں اور کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مراد علی شاہ اس معاملے کو وفاقی قرار دیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کوارٹرز کی زمین سندھ حکومت کی نہیں وفاق کی ہے، وفاقی وزراء کے عجیب قسم کے بیانات آرہے ہیں، امن و امان کی صورتحال ہونےپر میں نے مداخلت کی، متاثرین کا متبادل بندوبست کرنا چاہیے۔
علاوہ ازیں پاکستان کوارٹرز میں آپریشن پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے رابطہ کیا جس پر چیف جسٹس نے آپریشن 3 ماہ تک مؤخر کرنے کی ہدایت کردی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوارٹر کے معاملے پر کچھ دنوں سے ٹینشن چل رہی تھی، وفاقی حکومت کو میری طرح تشویش کاسامنا تھا، میری کوشش تھی کہ چیف جسٹس سے درخواست کروں کہ اس معاملے کو حل کریں، آدھا گھنٹے پہلے چیف جسٹس سے رابطہ ہوا تھا۔
انہوں نے کہاکہ میری نظر میں اس کا حل متبادل جگہ بنتی ہے، چیف جسٹس نے میری اس بات سے اتفاق کیا ہے، چیف جسٹس نے 3 ماہ کے لیے اس معاملے کو مؤخر کیا ہے، وفاقی حکومت 3 ماہ کے اندر بے دخل ہونے والے افراد کے لیے مناسب جگہ کا بندوبست کرے گی۔
گورنر سندھ کا کہنا ہےکہ وزیراعظم سے بھی پاکستان کوارٹرز کے متاثرین سے متعلق درخواست کروں گا، یہ غلط تاثر ہے وفاق تو اس معاملے میں فریق بھی نہیں، وزیر اعظم سےدرخواست کروں گا کہ ہاؤسنگ اسکیم میں ان کو ایڈجسٹ کیا جائے۔