فیصل آباد : انجمن تاجران کارخانہ بازار کے سینئر نائب صدر میاں اختر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان اور جنرل راحیل شریف کیخلاف زہر اگلنے والے اور میڈیا ہائوسز پر حملہ کرنیوالے ایم کیو ایم کے دہشت گردوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے۔
وطن کی سالمیت اور عوام کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے ہر اقدام کی حمایت کریں گے۔ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی اشتعال انگیز اور وطن دشمنی پر مبنی تقریر کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پاکستان اور جنرل راحیل شریف کیخلاف جو نعرے بازی کی اور ٹی وی چینلز پر حملے کئے وہ انتہائی گھٹیا پن کا مظاہرہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایسے غدار عناصر کیخلاف نہ صرف سخت کارروائی کی جائے بلکہ ایم کیو ایم پر مستقل پابندی لگائی جائے۔انہوں نے کہاکہ الطاف حسین برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان اور میڈیا کیخلاف زہر اگل رہا ہے اس پر حکومت کو چاہئے کہ وہ برطانیہ حکومت سے بھرپور احتجاج کرے۔انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے اور اس کے دشمنوں کی سرکوبی کیلئے پاکستان کے عوام متحد ہیں اور پاک فوج کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ ملک کی حفاظت کیلئے جو بھی قدم اٹھائے گی ہم انکے ساتھ ہیں۔