اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہش مند ہے، لائن آف کنٹرول پر سیز فائر رکھنا اہم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے دونوں ملکوں کے مابین ٹینشن ختم کرنے اور امن کے قیام کیلئے پہلے سے موجود دوطرفہ فوجی و سیاسی چینلز استعمال کرنے پر زور دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ اعزاز چودھری کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے سیالکوٹ سیکٹر میں پاکستان رینجرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ پاکستان رینجرز نے احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ بھارتی کارروائی کا جواب دیا ہے۔ پاکستان خطے میں دیرپا امن کا خواہاں ہے تاکہ معاشی ترقی اور عوامی فلاح کیلئے بہتر ماحول قائم ہوسکے۔