اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب نے کوالالمپور کانفرنس میں پاکستان کے شرکت نا کرنے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک سعودی تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تزویراتی تعلقات اعتماد، افہام و تفہیم اور باہمی احترام کے رشتے پر قائم ہیں۔
سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں علاقائی، عالمی اور امت مسلمہ کے معاملات پر اتفاق پایا جاتا ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ ہے، ہمیشہ ساتھ دیا تاکہ پاکستان کامیاب اور مستحکم ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملائیشیا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو 40 لاکھ ملازمین کو نکالنے کی دھمکی دی اور اسی دباؤ کی وجہ سے وزیراعظم پاکستان نے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی۔