نئی دہلی(جیوڈیسک) بھارتی وزیرِاعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم اس وعدے پر قائم ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام مسائل پر امن طریقہ سے حل ہوں۔
وزیراعظم من موہن سنگھ نے یہ بات جاپان اور تھائی لینڈ کے دورہ سے واپسی کے بعد دہلی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وعدے پر قائم ہیں کہ تمام مسائل پر امن طریقہ سے حل ہوں اور انہی خیالات کا اظہار نواز شریف نے بھی کیا۔
ایک سوا ل کے جواب میں من موہن سنگھ نے کہا کہ جب پاکستان میں انتخابات کے نتائج آرہے تھے تب انہوں نے نواز شریف کو فون کرکے مبارک باد دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے ساتھ اچھے رشتوں کے متعلق جن جذبات کا اظہار نواز شریف نے کیا تھا میں نے اسی کے جواب میں کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے رشتوں میں پیش رفت ہونی چاہیے۔
من موہن سنگھ نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف کو بھارت آنے کی بھی دعوت دی ہے۔ انہوں نے مجھے بھی پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے بھی پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے میرے پاس دعوت نامہ آیا ہوا ہے۔ دونوں جانب سے ابھی اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
نا ہی اس بارے میں کوئی تاریخ مقرر ہوئی ہے۔ لیکن ہم ضرور چاہیں گے کہ پڑوسی کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ اچھے رشتے ہوں۔ بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ مستقل میں ان کی کوشش رہی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تمام مسائل حل ہونے چاہیے۔