کراچی (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے پوسٹل سروس غفور حیدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سوچ جمہوری نہیں ، نا تجربہ کار سیاست دان ہیں۔ عمران خان نے جو وعدے کئے تھے۔
وہ خیبر پختونخواہ میں پورے نہیں کئے ۔ناکامی کو چھپانے کےلئے وفاق کے خلاف آواز اٹھارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پی ایم جی آفس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پتا نہیں عمران خان سسٹم کو ڈی ریل کرنے پر کیوں تلے ہوئے ہیں۔
حکومت کو ختم کرنے کا سوچنا جمہوری سوچ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال گزر گیا ہے۔ عمران خان مزید چار سال انتظار کریں اور اپنی پارٹی کو منظم کریں۔ عمران خان خیبر پختونخواہ اور اپنی پارٹی پر توجہ دیں۔
عمران خان خیبر پختونخواہ میں ایک سال میں بجٹ کا 30 فیصد بھی خرچ نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری شاٹ کٹ اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ طاہر القادری ابھی تازہ تازہ امریکا اور کینیڈا سے ائے ہیں پہلے وہ یہاں سیاست میں حصہ لیں۔ پاکستان میں اس طرح انقلاب نہیں آتا انقلاب ائے گا تو فوج کا آئے گا۔