اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور آئین سے وابستہ ہے، ملک میں انقلاب صرف انتخابات کے ذریعے آئے گا۔
پاکستان بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے گفت و شنید کے ذریعے طالبان سے معاملات حل کرنے کی کوشش کی۔ پاکستانی قوم انشاءاللہ ضرب عضب میں کامیاب ہوگی۔
قانون کی بالا دستی کے لئے ہم سب ساتھ ہیں، بلوچستان کی حکومت ملکی مفاد میں ڈاکٹر عبدالمالک کے حوالے کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور آئین سے وابستہ ہے، ملک میں انقلاب صرف انتخابات کے ذریعے آئے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انشاءاللہ مسلم لیگ (ن) کے موجودہ دور حکومت میں پاکستان کی تقدیر بدلے گی، ہم اپنی حکومت میں بجلی کا بحران ختم کریں گے اس سلسلے میں گڈانی اور پورٹ قاسم میں چین ہماری مدد کر رہا ہے۔ دنیا کے ساتھ تجارت بڑھائیں گے جس سے روزگار میں اضافہ ہو گا، اس کے علاوہ ملک بھر میں سڑکوں موٹر ویز کا جال بچھائیں گے۔