پاکستان کو انقلاب فرانس جیسی جدو جہد کی ضرورت ہے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

پاکستان (جیوڈیسک) اے پی ایم ایس او کے 35 ویں یوم تاسیس پر کارکنوں نے تجدید عہد کیا۔ الطاف حسین کہتے ہیں کہ پاکستان کو انقلاب فرانس جیسی جدو جہد کی ضرورت ہے ، نقل کی بیماری تعلیم کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اے پی ایم ایس او کے 35 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام اور خطاب میں کہا کہ آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ایسی منفرد طلبہ تنظیم ہے جس نے ایم کیو ایم جیسی عوامی انقلابی تنظیم کو جنم دیا۔

گیارہ جون 1978 میں قائم ہونے والی تنظیم کے نظریہ نے دیکھتے ہی دیکھتے مہاجرطلبہ وطالبات میں مقبولیت حاصل کی۔ جنرل ضیاکی مارشل لائی حکومت نے تنظیم پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ دیئے لیکن اسے ختم نہیں کیا جا سکا۔ ایم کیو ایم متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے۔

الطاف حسین نے تحریک کے تمام کارکنوں، ماں، بہنوں بزرگوں، بچوں خصوصا اے پی ایم ایس او کے کارکنوں اورطلبہ وطالبات کو یوم تاسیس کی مبارک باد پیش کی اور ان سے کہا کہ وہ اس عہد کی تجدید کریں کہ وہ تحریک کی جدو جہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو فراموش نہیں کریں گے۔

قائد تحریک نے نوجوانوں کو تعلیم پر توجہ دینے کی نصیحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تعلیم کے لئے کم رقم رکھی جاتی ہے۔ تعلیم و تربیت کو 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔