اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے جب کہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ فوجی روابط بڑھانا چاہتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے جہاں کریملن پیلس آمد پرانہیں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جب کہ آرمی چیف نے گمنام فوجیوں کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے کریملن پیلس میں کمانڈر رشین فیڈریشن گراؤنڈ فورسز کرنل جنرل اولج سلیکوف سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان عسکری روابط بڑھانے اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر روسی بری فوج کےکمانڈرنے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ عسکری تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی روس کے ساتھ فوجی رابط بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے، پاکستان خطے کو تنازعات سے پاک کرنے کے لیے اپنے حصے کے کردارسمیت علاقائی روابط کی مضبوطی کےلیے بھی کردارادا کرتا رہے گا جب کہ حالیہ دنوں میں روس نے خطے کی پیچیدہ صورتحال کے حل میں مثبت کردار ادا کیا۔