اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان اور روس نے تجارتی تعلقات میں اہم سنگ میل عبور کر لیا اور دونوں ممالک نے 40 سال پرانا تجارتی تنازع حل کرلیا۔
وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق پاکستان نے روس کو 9 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز کی ادائیگی کردی ہے جس کے بعد پاکستان میں 8 ارب ڈالر کی روسی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
ذرائع وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ روسی سرمایہ کاری اسٹیل اور توانائی کے شعبے کے لیے ہے۔
ذرائع کے مطابق 5 پاکستانی کمپنیوں کو 2 کروڑ ڈالرز سے زائد رقم کی ادائیگی کا عمل بھی شروع ہوگیا اور ایک پاکستانی کمپنی کو ادائیگی کردی گئی ہے جبکہ باقی کمپنیوں کو بھی ادائیگی کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ 11 دسمبر 2019 کو روس نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی تھی۔
11 دسمبر 2019 کو وفاقی وزیر برائےاقتصادی امور حماد اظہر اور روس کے وزیر تجارت ڈینس ویلنٹنووچ کی زیر صدارت پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا تھا۔
بعد ازاں حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرتجارت نے کہا تھا کہ ہم اسٹیل ملز کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے پاکستان کو تعاون فراہم کریں گے۔