کراچی (اسٹاف رپورٹر) چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر پنجاب رینجرز کی بروقت کاروائی کے بعد بھارتی فوج کی پسپائی پر پنجاب رینجرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ محافظان پاکستان کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت ‘ دیانتداری ‘ بلند حوصلے ‘ اتحاد و تنظیم اور قربانی و ایثار کی بدولت ہی پاکستان آج تک بھارت کی فتنہ پردازیوں سے محفوظ اور نقشہ ارض پر اپنا آزاد ریاست کا مقام قائم رکھنے میں کامیاب ہے۔
گجراتی سرکار نے کراچی میں کرپشن کیخلاف رینجرز آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز نے پاکستان و عوام کو کرپشن جیسے عفریت سے نجات دلانے کا جو بیڑہ اٹھایا ہے اسے تکمیل پذیر کرنے اور منزل مقصود تک پہنچانے کیلئے ضروری ہے کہ اسے ہر قسم کی جانبداری سے پاک رکھتے ہوئے اس کا بلا تفریق دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے۔
اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ حکمران جماعتوں اور تمام اداروں کو بھی اس کی لپیٹ میں لاکر عوام دشمنوں کا منظر عام پر لایا اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے جبکہ عدالتوں میں جاری کرپشن کیخلاف بھی کاروائی کی جائے اور عدالتوں میں موجود تمام کرپٹ عناصر کو بھی احتساب کے دائرے میں لایا جائے۔