کراچی : انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا ہے کہ برصغیر میں دو قومی نظریئے کی بنیاد اسی دن پڑ گئی تھی جس دن برصغیر پاک و ہند کا پہلا شخص مسلمان ہوگیا تھا اور تاریخی حوالے بتاتے ہیں کہ سید عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے زمانے میںمسلمان لشکر و تاجر برصغیر پر قدم رکھ چکے ہیں۔
پاکستان کے حصول کی تحریک 1300سال پرانی ہے، کیوں کہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے اور نظریئے کا وجود تاریخ کے آئینے میں جنم لیتا ہے، برصغیر پر بلامبالغہ مسلمانوں نے ایک ہزار سال سے زیادہ حکومت کی اور اگر مغلیہ سلطنت اندرونی طور پر خلفشار کا شکار نہ ہوجاتی تو برصغیر آج بھی مسلم سلطنت ہوتا اور یہاں کسی ہندوستان کا وجود بھی نہ ہوتا۔
یوم آزادی و شب قدر کی مناسبت سے منعقدہ اجتماع دعا سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا ہے کہ پاکستان بزرگان دین نے بنایا ہے، پیر جماعت علی شاہ، مولانا حامد بدایونی،مولانا شاہ عبدالعلیم صدیقی، مولانا عبدالستارخان نیازی تحریک پاکستان کے صف اول کے قائدین تھے۔
قائد اعظم کو خانقاہوں او ر مدارس پر مکمل اعتماد اور بھروسہ تھا، قائد اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کے حصول کا مقصد اسلام کی تجربہ گاہ بنانا اور اس کے قوانین قرآ ن و سنت کے مطابق بنانا تھا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی نے کہا کہ خانقاہوں اور مدارس نے تحریک پاکستان کو چالیس لاکھ کارکنان اور خادمین فراہم کئے پاکستان کی تحریک مدارس اور خانقاہوں کے بغیر مکمل ہو ہی نہیںسکتی تھی۔
یوم آزادی و شب قدر کی مناسبت سے منعقدہ اجتماع دعا سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن سیف الاسلام نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ۖ پاکستان کے حامی و ناصر ہیں، لبرل اور سیکولر قوتیں سن لیں شکست ان کا مقدر بن کر رہے گی، اس موقع پر انجمن طلبہ اسلام کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری بابر مصطفائی نے بھی خطاب کیا۔