ریاض (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات شاہی محل میں ہوئی۔ سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان خود گیسٹ ہاؤس آئے اور وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے ہمراہ ملاقات کیلئے شاہی محل لے کر گئے۔
ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا مشترکہ مشقوں کی تقریب میں شرکت پر وزیر اعظم سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مشترکہ مشقوں سے دونوں ملکوں میں تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ ملا اور برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت ملی۔
وزیراعظم نواز شریف کا ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ مشترکہ مشقوں سے اسلامی ملکوں کو قریب آنے کا موقع ملے گا۔ جس سے اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد کو فروغ ہو گا۔ ان مشقوں سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف عزم آگے بڑھے گا۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔