کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات میں بگاڑ کے لیے بعض ملک دشمن عناصر سرگرم ہو گئے ہیں جو کراچی میں سعودی سفارتخانے کے اہم ڈپلومیٹ کو بلیک میل کرنے کے لیے من گھڑت خبروں کی اشاعت کرا رہے ہیں۔
یہ بات ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندوں محمد یحییٰ پولانی، ندیم شریف، حنیف رینچ، تفسیر الاسلام، حاجی یوسف اور خوب چند اوچانی و دیگرنے پیر کو ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو خراب کرنے کے لیے من گھڑت خبروں کی اشاعت پر تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن اس اوچھے ہتھکنڈے کی بھر پور مذمت کرتی ہے۔
ٹیپ کے سابق چیئرمین محمد یحییٰ پولانی نے کہا کہ چند روز قبل بعض بلیک میلنگ کرنے والے لوگوں نے پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے برادارانہ تعلقات کو خراب کر نے کے لیے کراچی میں تعینات سعودی عرب کے سفارتخانے کے اہم اہلکار کے خلاف من گھڑت خبروں کی اشاعت کرائی ہے اور بے بنیاد الزامات لگا کر پاک سعودی تعلقات کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کی جوقابل مذمت ہے کیونکہ عائد کردہ الزامات بے بنیاد ہیں جس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔