پاکستان کی سلامتی اور استحکام ہمیشہ مقدم ہے، پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ چوہدری سلیمان
Posted on September 7, 2013 By Tahir Webmaster سٹی نیوز
مصطفی آباد/للیانی : پاکستان کی سلامتی اور استحکام ہمیشہ مقدم ہے، پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چوہدری سلیمان حنیف نے مصطفی آباد میں یوم دفاع کے حوالے سے ایک تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی او سی چوہدری محمد رفیق، خادم شہداء مصطفی آباد حاجی محمد یونس رحمانی، میاں شفیق احمد، سید اسرار احمد زیدی، رانا منیر احمد، اساتذہ، طلباء، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم جذبہ حب الوطنی سے معمور ہے اور پاکستان کی سلامتی کے حوالے سے ہمہ وقت چوکنا ہے۔ 1965ء کی جنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ جنگ دو ملکوں کے درمیان نہیں بلکہ دو مختلف نظریات کی جنگ تھی۔ دشمن نے جب رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا تو پاکستانی فوج کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن عزیز کا دفاع کیا۔
اس موقع پر ڈی او سی چوہدری محمد رفیق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وطن کو مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر موجود اساتذہ کو نصیحت کی کہ وہ طلبہ و طالبات میں جذبہ حب الوطنی پیدا کریں تا کہ وہ آگے چل کر حب وطن شہری کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کر سکیں ۔ اس موقع پر مہمانان گرامی نے 1965ء کی جنگ میں 55شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور ان کے بلند درجات کی دعا کی۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات کے درمیان یوم دفاع کی مناسبت سے تقریری مقابلہ بھی منعقد ہوا۔ جس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر معززین علاقہ سنیئر صحافی عطاء محمد قصوری ، سنیئر صحافی محمد عمران سلفی ،سید اسرار احمد زیدی، فتح محمد، ڈسٹرکٹ انفرمیشن آفیسر قصورعبدالوحد، رانا شعبان، الیاس ملک، سرور خاں میئو، چوہدری منصور ودیگر شریک ہیں، ایم این اے چوہدری سلمان حنیف خاں اور ڈی او سی قصور چوہدری محمد رفیق نے تقرری مقابلہ میں حصہ لینے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔