ملتان (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لوگ کہتے رہے کہ نیا پاکستان بنائیں گے، نیا پاکستان کہاں ہے؟ کسی نے نیا پاکستان دیکھنا ہے تو ملتان آ جائے۔
وزیراعظم نواز شریف نے ملتان میٹرو کا افتتاح کر دیا، ڈیڑھ سال کے عرصہ میں تیار ہونے والی میٹرو بس اور اس کے ساڑھے 18 کلومیٹر طویل روٹ کا افتتاح وزیراعظم نواز شریف نے چونگی نمبر 9 پر کیا جس کے بعد وزیراعظم میٹرو میں سوار ہو کر بہاوالدین زکریا یونیورسٹی پہنچے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملتان کی شکل تبدیل ہورہی ہے، میٹرو سے پہلے شہریوں کو سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا، ٹرانسپورٹ عوام کے لئے ایک بہترین سہولت ہے۔
انہوں نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دی اور کہا کہ لاہور سے ملتان موٹروے بھی جلد یہاں تک آئے گی، بلوچستان کو اس سے پہلے کبھی اتنی توجہ نہیں دی گئی، بلوچستان میں بھی سڑکوں کا جال بن رہاہے۔ پاور پلانٹ، سڑکیں سب کچھ بلوچستان میں بن رہاہے۔
انہوں نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والوں نے نیا پاکستان کہاں بنایا ہے؟ترقی کا راستہ روکنے والے کبھی دھرنے دیتے ہیں تو کبھی الزامات لگاتے ہیں، ان کے سارے کچے چٹھے قوم کے سامنے آئیں گے، گالیاں نکالنے والے شخص کے اپنے معاملات بھی جلد سب کے سامنے آ جائیں گے۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کم ہوئی ہے، اگلے سال لوڈشیڈنگ ختم ہو کر زیر ہو جائے گی۔ 2013 میں 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، لگتا تھا کہ 36 گھنٹے تک پہنچ جائے گی، ملک میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ سارے صوبے ایک دوسرے سے مل رہے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم نہ صرف بجلی کی قلت ختم کرنا چاہتے ہیں بلکہ اس کی قیمت بھی کم کرنا چاہتے ہیں، بھاشا ڈیم کے لیے 10 ارب کی زمین خریدی ہے جس سے4 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ ملتان میں نیشنل ہیلتھ انشورنس آنے والی ہے۔