ڈھاکا (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے درمیان گروپ بی کا اہم میچ میچ آج کھیلا جائے گا جہاں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچنے کی روایت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
گروپ بی میں اب تک کھیلے گئے میچز میں ہندوستانی ٹیم تمام مقابلوں میں فتح حاصل کر کے سرفہرست اور پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جہاں اس کا مقابلہ جوبی افریقہ سے ہو گا۔ گزشتہ روز سری لنکا نے بھی رنگنا ہیراتھ کی حیران کن باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی اور اب یہ میچ آخری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ کرے گا۔
اب تک تمام میچوں میں ناکامیوں کا دکھ جھیلنے والی آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی آج آمنے سامنے ہوں گی لیکن یہ میچ بھی محض رسمی کارروائی ثابت ہو گا کیونکہ وہ پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں تاہم پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا معاملہ ذرا مختلف ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب تک دو دو میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جہاں دونوں کو ہندوستانی ٹیم کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ دونوں کے پوائنٹس کی تعداد تو یکساں ہے لیکن ویسٹ انڈین ٹیم کو رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان پر سبقت حاصل ہے۔ لیکن اب رن ریٹ کسی اہمیت کا حامل نہیں جہاں آگے جانے کے لیے دونوں ٹیموں کو میچ میں فتح درکار ہو گی۔
اعدادوشمار کے حساب سے دیکھا جائے تو دونوں ہی ٹیموں میں سے کسی کو بھی دوسرے پر برتری نہیں کیونکہ آج تک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں یہ آمنے سامنے نہیں آئیں تاہم اس میچ کو اسپن کا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے اور اسی بنیاد پر ماہرین پاکستان کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔ ء2009 کے ایونٹ کی فاتح پاکستان نے اب تک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے تمام سیمی فائنلز میں جگہ بنائی ہے اور وہ اس روایت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔