برمنگھم (جیوڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں مارو یا مرجاو کی جنگ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
قومی ٹیم نے انتہائی سنسنی خیز میں لنکن ٹائیگرز کو 3 وکٹوں سے شکست دی اور 237 رنز کا ہدف 31 گیندیں پہلے ہی 45 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
پاکستان کا سیمی فائنل میں مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا جو 14 جون کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔
237 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے سلامی بالے بازوں نے اچھے کھیل کا آغاز کیا اور ٹیم کو 74 رنز کی شراکت داری فراہم کی۔
فخر زمان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے 50 رنز مکمل کیے تاہم وہ اس سے آگے نہ بڑھ سکے اور پرادیپ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
اوپننگ شراکت داری ٹوٹنے کے بعد پاکستان کی ایک کے بعد ایک وکٹ گری اور بابر اعظم 10 جب کہ سابق کپتان محمد حفیظ صرف ایک رن پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
سابق کپتان اظہر علی بھی ٹیم کو زیادہ آگے نہ لے جاسکے اور لکمل کی گیند پر 34 رنز بناکر آوٹ ہو گئے۔
شعیب ملک کو ملنگا نے 11 رنز پر پویلین بھیج دیا جب کہ عماد وسیم بھی صرف 4 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔
کھیل کو اچھے انداز میں آگے لے جانے والے فہیم اشرف کا قسمت نے ساتھ نہ دیا اور وہ15 رن پر رن آوٹ ہوگئے۔
ٹیم کو مشکلات میں سہارا دینے کے لیے کپتان سرفراز 6 نمبر پر کھیلنے آئے اور مشکل مرحلے میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔
سرفراز احمد چیمپئنز ٹرافی کے انتہائی اہم میچ میں ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور اپنے کیریئر کی چھٹی نصف سینچری مکمل کی۔
قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر نہ چل سکا لیکن فاسٹ بولر محمد عامر نے کپتان سرفراز کا بہترین ساتھ نبھایا اور قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
سرفراز احمد اور محمد عامر نے آٹھویں وکٹ پر 75 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کرکے قومی ٹیم کی جیت میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ کپتان سرفراز 61 جب کہ محمد عامر 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل کارڈف کے صوفیا گارڈن گراؤنڈ میں جاری میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
لنکن ٹائیگرز کی جانب سے نروشین ڈکویلا اور دنشکا گناتھیلاکا نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے محتاط کھیلتے ہوئے بڑی شراکت بنانے کی کوشش کی ہی تھی کہ 26 کے مجموعے پر گناتھیلاکا 13 رنز بنا کر جنید خان کا شکار بن گئے۔
دوسری وکٹ پر ڈکویلا اور مینڈس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف زبردست اسٹروکس کھیلے اور دونوں بلے بازوں نے 56 رنز کی شراکت قائم کی تو 82 کے مجموعی اسکور پر مینڈس حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز دنیش چندیمل بغیر کوئی رن بنائے فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
161 کے مجموعی اسکور پر جب محمد عامر نے انجیلو میتھیوس کو 39 رنز پر بولڈ مار کر چلتا کیا تو سری لنکن بلے بازی بری طرح بپھر گئی اور پوری ٹیم آخری اوور میں ہی 236 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے اوپنر ڈک ویلا سب سے زیادہ 73 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان کے محمد جنید اور حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جب کہ محمد عامر اور فہیم اشرف 2،2 وکٹیں حاصل کرسکے۔
آج کا میچ جیتنے والی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل کھیلے گی اور ہارنے والی ٹیم واپسی کا ٹکٹ کٹائے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مجموعی طور پر 147 ون ڈے میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 84 اور سری لنکا نے 58 میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ ٹائی اور چار کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔