کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے 70 فیصدکچرا اٹھا لیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں صوبائی حکومت کی جانب سے جاری صفائی مہم کا جائزہ لیا۔
مراد علی شاہ صبح سویرے صدر کے علاقے میں پہنچے جہاں موبائل مارکیٹ کے قریب کچرا دیکھ کر برہم ہوگئے، انہوں نے کمشنر کو ہدایت کی کہ دکانداروں سے بات کی جائے اور اگر نہ مانیں تو پولس کارروائی کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر افسروں کو فارغ کرنے کی وارننگ بھی دی۔ میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہر سے 70 فیصد کچرا اٹھا لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی حالت بہت خراب ہے، ان کی مرمت اور تعمیر پر بھی توجہ دیں گے، عوام کو بھی صفائی مہم میں ہمارے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے طوفان کا وفاقی حکومت سے حساب لیا جائے گا۔
قبل ازیں مراد علی شاہ بھینس کالونی زیرو پوائنٹ کی سڑک کا معائنہ کرنے پہنچے جہاں پر جیالے آپس ہی الجھ پڑے جس کی وجہ بتائی جاتی ہے کہ پارٹی کے دو مختلف گروپس وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اپنے علاقے لے کر جانا چاہتے تھے۔
بھینس کالونی میں وزیر اعلیٰ سندھ کے دورے کے موقع پر ایم این اے آغا رفیع اللہ اور پارٹی کے دیگر کارکنان میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔
اس تمام تر صورتحال میں مراد علی شاہ ایم این اے آغا رفیع اللہ کو جیالوں سے الجھنے سے روکتے بھی رہے۔