کراچی (جیوڈیسک) احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ ڈاکٹر عاصم کا کہنا ہے کہ پاکستان میرا ہے ، میں ہمیشہ پاکستان کا نعرہ لگائوں گا۔
احتساب عدالت کراچی میں ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹرعاصم حسین کوسخت سیکورٹی میں عدالت پہنچایا گیا ۔ سماعت شروع ہوئی تو وکیل صفائی اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے عدالت سے کہا کہ تفتیشی اسفر نے جو بیان جمع کرایا ہے وہ متضاد ہے ۔ بیان میں جن دستاوی کا ذکر ہے وہ ریکارڈ پر موجود نہیں ۔ اس بیان کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنا ہے لہذا وقت دیا جائے ۔ عدالت نے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
احاطہ عدالت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ پاکستان میرا ہے ، میں ہمیشہ پاکستان کا نعرہ لگائوں گا ۔ پاکستان کو مردہ کہنا مناسب نہیں ہے ۔ موجود حالات اور ایم یو ایم کی سیات پر کچھ نہیں کہہ سکتا ۔ صحافی نے سوال کیا کہ عید پر آپ کیا قربان کریں گے تو جواب میں انہوں نے کہا کہ میں خود قربان ہو چکا ہوں۔