پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ایک رنز سے ہرا کر سیریز بھی جیت لی

Pakistani Team

Pakistani Team

پورٹ ایلزبتھ (جیوڈیسک) پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں ایک رنز سے شکست دیکر سیریز2-0 سے جیت لی، تین میچوں کی اس ون ڈے سیریز کا ابھی ایک میچ باقی ہے جو کہ ہفتہ 30نومبر کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف 262 کے جواب میں اپنے مقررہ 45 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز بناپائی۔ اس سے قبل پورٹ ایلزبتھ کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر پہلے بیٹنگ کی، اورپروٹیز کو 263 کا ہدف دیا۔

تجربہ کار اوپنر گریم اسمتھ1 کے آٹ ہونے کے بعد ان فارم بیٹسمین ہاشم آملہ 98 اور کپتان کوئنٹن ڈی کوک 47 نے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا اور 87 کی شراکت قائم کی، بعدازاں آملہ اور ابراہم ڈی ویلیئرز 74 کے درمیان دوسری قابل ذکر شراکت جڑی اور دونوں نے 110 رنز بنائے۔

ڈی ویلیئرز اور ہاشم آملہ کا یکے بعد دیگرے آٹ ہونا ہی افریقہ کی شکست کی وجہ بنی۔اور بعد میں آنے والے بیٹسمین رنز بنانے کی وہ رفتار برقرار نہ رکھ سکے جو ان دونوں نے قائم کیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے بہترین بولنگ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور تین وکٹیں لیں، شاہد آفریدی نے دو جبکہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

احمد شہزاد کو انکی بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ پاکستان کی ون ڈے سیریز میں پہلی بارجنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی ہے۔