شارجہ (جیوڈیسک)شارجہ میں قسمت بھی ساتھ تھی مگر پاکستان جنوبی افریقا سے جیتا ہوا میچ ہار گیا، چار وکٹوں پر ایک سو پینسٹھ رنز بنا کر چھ کھلاڑی ریت کی دیواربن گئے، اسطرح جنوبی افریقا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میں ایک رن سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
شارجہ میں جنوبی افریقی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی، سعید اجمل اور شاہد آفریدی کے سامنے تمام بیٹسمین بے بس نظر آئے، وین پارنیل کی پہلی ون ڈے ففٹی نے ٹیم کو سہارا دیا، پوری ٹیم 183 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا، ناصر جمشید صفر پر ہی واپس پویلین لوٹ گئے، حفیظ اور احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے اننگز کو سنبھالا، احمد شہزاد 58 اور محمد حفیظ 28 رنز بناکر آوٹ ہوئے، ڈوپلیسی نے احمد شہزاد کو ٹکر مار کر زخمی بھی کیا، لیکن نوجوان اوپنر نے ہمت نہ ہاری، مصباح الحق نے 31 رنز کی اننگز کے دوران کیرئیر کے 4000 رنز بھی مکمل کرلئے، عمر اکمل اور عمر امین نے اسکور تو آگے بڑھایا مگر دونوں کے آوٹ ہوجانے کے بعد گرین شرٹس مشکلات کا شکار ہوگئے، سہیل تنویر، شاہد آفریدی اور وہاب ریاض بھی آئے اور چلے گئے۔
ایسے میں سعید اجمل اور محمد عرفان پاکستان کو ٹارگٹ کے قریب لے گئے لیکن صرف ایک رن پہلے محمد عرفان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ وین پارنیل اور عمران طاہر نے تین تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، سوٹسوبے اور مورنے مورکل نے بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقا نے اس کامیابی کے ساتھ ہی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
قومی ٹیم کی شکست پر شعیب اختر نے کہا ہے کہ اٹھارہ بیس سال ہوگئے، پاکستان ٹیم کی حالت نہیں بدلی، کھلاڑیوں کی کارکردگی نے بہت مایوس کیا، ان کا کہنا تھا کہ ڈر کے کھیلیں گے تو کبھی جیت نہیں سکیں گے۔ ون ڈے میں شکست سے کپتان مصباح الحق کا دل ہی ٹوٹ گیا، کہتے ہیں سمجھ نہیں آتا پاکستان کتنے رنزکا پہاڑ کھڑا کرے کہ بلے بازوں کی بے چینی ختم ہو،عمراکمل نے کمر توڑی اورآفریدی کی وکٹ نے میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔