نیویارک (جیوڈیسک) عالمی بینک نے پاکستان کی معیشت کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان گزشتہ مالی سال کی نسبت تیزی سے مستحکم ہو رہا ہے۔ عالمی بینک کی جانب سے جاری کی گئی عالمی اقتصادی پہلوؤں کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیائی معیشتوں میں دوسری بڑی معیشت ہے اور گزشتہ مالی سال کی نسبت اس کی معیشت تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت مزید بہتر ہو رہی ہے اور درمیانی مدت میں ملکی قومی پیداوار کی ترقی کی شرح بھی مستحکم رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اپنا مالیاتی خسارہ بھی کم کیا ہے جبکہ ملکی سرمایہ کاری کی شرح 2014 سے 2016 کے دوران بڑھ جائے گی۔
واضح رہے عالمی بینک نے پاکستان میں بجلی منصوبوں کے لیے 70 کروڑ ڈالر بلاسود قرضے کی منظوری بھی دے دی ہے جبکہ پاکستان یہ قرضہ 25 سال کے دوران واپس کرے گا۔