پاکستان کی تمام مقتدر سیاسی قوتیں ناکام ہوچکی ہیں ‘ ایم آر پی

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کے سابق آرمی چیف و سابق صدر کی اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ گزشتہ تمام ادوار میں حکمرانوں ‘ سیاستدانوں ‘ بیورو کریٹس اور ٹیکنو کریٹس نے جو قومی دولت لوٹی ہے۔

اس کی وطن واپسی یقینی بنائی جائے تو تمام قومی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں جبکہ یہ بھی حقیقت ہے کہ اقتدار میں موجود تمام سیاسی قوتوں کا ماضی و حال اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ناکام ہوچکی ہیں اسلئے ملک و قوم کو اب نئی قیادت اور سیاسی قوت کی ضرورت ہے مگر اس حقیقت کو بھی یادرکھنا چاہئے کہ ملک وقوم کے حالات میں مثبت تبدیلی کیلئے قابل عمل فارمولے کے بغیر اقتدار میں آنے والی کوئی بھی نئی قوت بہتر نتائج نہیں دے سکے گی۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے پرویز مشرف کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم آر پی ڈویژنل کونسلوں کو خود مختار و ذمہ دار بناکر مقامی خود مختاری کے ذریعے ملک و قوم کی تقدیر سنوانے کا فارمولہ پیش کرچکی ہے۔

وہی سیاسی قوت ملک و قوم کے مستقبل کو مثبت تبدیلی کے ذریعے محفوظ و خوشحال بناسکتی ہے جو ایم آر پی کے پیش کردہ اس فارمولے پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کا عزم کرے اور اس عزم کی تکمیل تک چین سے نہ بیٹھے جبکہ اگر مشرف یا کوئی اور سیاسی قوت اس فارمولے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کراتی ہے تو روشن پاکستان پارٹی اپنی تمام سیاسی و عوامی قوت کے ساتھ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں اس کا بھرپور ساتھ دے گی۔