لاہور (جیوڈیسک) پاکستان سپورٹس بورڈ میں 150 سے زائد غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ 130 ملازمین کی بھرتی میں تعلیمی کوائف اور عمر کی حد بھی نظر انداز کر دی گئی۔ کئی ملازمین تاحال سابق وزار کے گھروں میں کام کر رہے ہیں۔ بین الصوبائی رابطہ کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سابق دور حکومت میں پاکستان سپورٹس بورڈ میں گریڈ ایک سے 17 کے تین سو ملازمین بھرتی کیے گئے جن میں سے ڈیڑھ سو ملازمین کو غیر قانونی قرار دے کر تحقیقات شروع کری دی گئی ہیں۔
متعدد ملازمین سابق وفاقی وزیر میر ہزار خان بجارانی، پیر آفتاب شاہ جیلانی اور میر اعجاز جکھرانی کے دور میں بھرتی ہوئے، غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرذادہ کو دی گئی بریفنگ میں بھی ہوا، وزارت بین الصوبائی رابطہ نے غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات شروع کرادیں ہیں۔
یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ غیر قانونی بھرتی ہونیوالے کئی ملازمین تنخواہ سپورٹس بورڈ سے لے رہے ہیں جبکہ کام تاحال سابق وزرا کے گھروں میں کام کر رہے ہیں، اس وقت سپورٹس بورڈ میں 600 کے قریب ملازمین کام کررہے ہیں۔