کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے بخاری شوٹنگ بال کلب حیدرآباد کے زیراہتمام ایس ایس بی یوم دفاع پاکستان شوٹنگ بال چیمپین شپ ایس آرٹی سی گراونڈ حیدرآباد میں منعقد ہوئی، چیمپین شپ کا فائنل سروری شوٹنگ بال کلب حسین آباد اور بخاری شوٹنگ بال کلب کے درمیان کھیلا گیا، چیمپین شپ کا فائنل سروری کلب نے 2-1 سے جیت لیا،فائنل کے مہمان خصوصی آفیسر سندھ پولیس اور سینئر نائب صدر سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن امیر محمد ابڑیجو تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے سندھ اسپورٹس بورڈ محکمہ کھیل کے کردار کو سراہا اور کہا کے جس طرح محکمہ کھیل سندھ کے روائتی کھیل شوٹنگ بال کی سرپرستی کر رہا ہے وہ مثالی ہے اور محکمہ کھیل کے تعاون سے شوٹنگ بال کھیل سندھ کا مقبول کھیل بنتاجارہا ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ اسپورٹس بورڈ مخدوم ارشاد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے محکمہ کھیل صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے تاکے گراس روٹ لیول سے بہترکھلاڑی ابھر کر سامنے آسکیں جو ملک اور قوم کا نام روشن کر سکیں ،تقریب سے سیکریٹری سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر علی جتوئی ، سید مدد علی شاہ اور عبدالصبور پٹھان نے بھی خطاب کیا۔
ایس ایس بی یوم دفاع پاکستان شوٹنگ بال چیمپین شپ میں 16 نامور ٹیموں نے حصہ لیا سروری کلب حسین آباد نے سخی انور لغاری شوٹنگ بال کلب کو 2-0 سے اور بخاری شوٹنگ بال کلب نے احسان شوٹنگ بال کلب کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، فائنل میں سروری شوٹنگ بال کلب نے بخاری شوٹنگ بال کلب کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے کر چیمپین شپ جیت لی فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے شاندار کھیل دیکھنے کو ملا خاص طور پر عاصم پٹھان ، عبدالحکیم بوزدار، مختیار تھبو، شازم، محبوب میمن اور عبداللہ سنی نے نہایت عمدہ کھیل پیش کیا۔
بعد ازاں مہمان خصوصی امیر محمد ابڑیجو نے فاتح ٹیموں اور چیمپین شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں اور ٹیکنیکل آفیشل میں ٹرافیزاور نقد انعامات تقسیم کیے، ونر ٹرافی سروری کلب کے کپتان عاصم پٹھان اور رنر ٹرافی بخاری کلب کے کپتان عبدالحکیم بوزدارنے حاصل کی تیسری پوزیشن کی ٹرافی احسان کلب کے کپتان قربان علی نے وصول کی چیمپین شپ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ مختیار تھبو نے اور فائنل کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ عاصم پٹھان نے حاصل کیا، اس موقع پر سردار عبدالشکور، غلام حسین پٹھان، رئیس نزیر احمد لغاری، رئیس اقبال خان لغاری، محمد امیر مستوئی، ریاض احمد اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔ جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر