کولکتہ (جیوڈیسک) پاکستان نے سری لنکا کے خلاف وارم اپ میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جب کہ کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز فتح سے کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے ہر کھلاڑی کو پرفارم کرنا ہوگا۔
گرین شرٹس کے پاس اسکواڈ میں فاسٹ بولر محمد عامر، طویل القامت محمد عرفان، فاسٹ اور میڈیم کے مرکب انور علی، برق رفتار وہاب ریاض اور محمد سمیع موجود ہیں جب کہ اسپن کے شعبے میں عماد وسیم، کپتان شاہد آفریدی، محمد نواز اور شعیب ملک کی خدمات میسر ہیں اور بیٹنگ کے شعبے میں بھی باصلاحیت احمد شہزاد، محمد حفیظ، شرجیل خان، عمراکمل، سرفراز احمد اور خالد لطیف شامل ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے انجیلو میتھیوز ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ 15 رکنی اسکواڈ میں تلکرانے دلشان، دشمنتا چمیرا، دنیش چندیمل، سرنگا لکمل، تھسارا پریرا، سچترا سینانایاکے،داسون شاناکا، ملندا سری وردانہ، لہیرو تھرمانے، رنگانا ہیرات، شیان جے سوریا، چامارا کپو گیدرا اور نوائن کلاسیکرا شامل ہیں۔