اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوہری شعبے میں تعاون سمیت 6 معاہدوں کی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ہیں ۔ پاکستان کے دورے پر آئے سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا کی وزیر اعظم ہائوس آمد پر وزیر اعظم نواز شریف نے استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔
وزیر اعظم نواز شریف اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
پاکستان اور سری لنکا نے کھیل، جوہری توانائی کے شعبے، منشیات کی روک تھام سمیت 6 شعبوں میں تعاون کے معاہدوں کی یادداشت پر دستخط کئے ۔ بعد میں سری لنکا کے صدر کو وزیر اعظم کی جانب سے ظہرانہ بھی دیا گیا۔