لاہور (جیوڈیسک) انگلینڈ میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اہم میچ برسٹل کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کے باعث میچ ٹاس کے بغیر ہی بے نتیجہ ختم ہو گیا۔
برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ میں بارش تھم جانے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈز کے کچھ حصے سے کورز ہٹائے گئے اور امپائرز کی جانب سے گراؤنڈ کا جائزہ بھی لیا گیا تاہم آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے اور بوندا بادی کے باعث امپائرز نے میچ کو منسوخ کر دیا۔
میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے کم از کم 20 اوورز کا کھیل ہونا ضروری تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
سری لنکا سے میچ منسوخ ہونے کے بعد پاکستان کے ورلڈ کپ اب تک تین میچز میں تین پوائنٹس ہو گئے جب کہ پاکستان کا اگلا میچ آسٹریلیا سے 12 جون کو ہو گا۔
پاکستانی تماشائی دنیا کے مختلف شہروں سے ورلڈ کپ کا یہ میچ دیکھنے کے لیے برسٹل میں موجود ہیں اور بارش کی وجہ سے انہیں سخت مایوسی کا سامنا رہا تاہم میچ شروع نہ ہونے کے باعث شائقین کو مایوس واپس لوٹنا پڑا۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کا یہ تیسرا میچ ہے اور دونوں نے ایک ایک میچ جیتا ہے اور ایک ایک میں اُنہیں شکست ہوئی ہے۔
پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں 2،2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر ہیں تاہم سری لنکا کو پاکستان پر بہتر اوسط کی بدولت برتری حاصل ہے۔