پاک سری لنکا دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کا وینیو تبدیل

Pakistan, Sri Lanka

Pakistan, Sri Lanka

کولمبو (جیوڈیسک) پاک سری لنکا دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کا وینیو تبدیل کر دیا گیا، بورڈ نے سینئر بیٹسمین مہیلا جے وردنے کو الوداعی میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا موقع دینے کیلیے یہ فیصلہ کیا، 14 اگست سے یہ مقابلہ پی سارا اوول کے بجائے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ کولمبو پر کھیلا جائے گا۔

اس فیصلے سے قبل میزبان بورڈ نے پی سی بی سے بھی مشاورت کی، پہلا ٹیسٹ 6 اگست سے گال میں شروع ہونا ہے، ایس ایس سی پر مہیلا جے وردنے کا ریکارڈ انتہائی شاندار ہے، وہ یہاں 77.08 کی اوسط سے 2698 رنز بناچکے۔

انھیں دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے کسی بھی سری لنکن بیٹسمین کی سب سے بڑی انفرادی اننگز 374 رنز بھی یہیں کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، جے وردنے نے یہ رنز 2006 میں جنوبی افریقہ کیخلاف اسکور کیے تھے، وہ کیریئر کے آغاز پر کلب کیلیے بھی کھیلتے رہے ہیں۔

ادھر سری لنکن بورڈ نے ہیڈکوچ مرون اتاپتو، نائب کوچ رون کالپگے اور دیگر معاون اسٹاف کے موجودہ معاہدوں کو اگست کے اختتام تک بڑھا دیا، اس طرح وہ تمام بھی پاکستان سے سیریز میں میزبان ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔

نووان سینیورتنے کو فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، بورڈ نے ہیڈ کوچ کی اسامی کیلیے گذشتہ اتوار کو دوبارہ اشتہار شائع کرا دیا، سرے کے سابق کوچ کرس ایڈمز بھی اس عہدے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔